ڈاکٹر مہوش نور
اصل نام: گلشن کھنہ
قلمی نام: گلشن کھنہ
تخلص: گلشنؔ
پیدائش: 12فروری1934 حافظہ آباد، پاکستان
وفات: 2019
گلشن کھنہ 12فروری1934میں حافظہ آباد، ضلع گوجرانوالہ، پاکستان میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام گورنام سنگھ کھنہ تھا۔ قلمی نام گلشن کھنہ ہے۔ بی اے پنجاب یونیورسٹی، ایم اے آگرہ یونیورسٹی ، پی جی سی (تربیت اساتذہ) کورس لندن یونیورسٹی سے کیا۔ گلشن کھنہ درس وتدریس سے وابستہ رہے اور 1999 میں ریٹائر ہوگیے۔ گلشن کھنہ 1964 میں لندن آگیے تھے۔ ان کی ادبی زندگی کا آغاز1952 سے ہوا۔ گلشن کھنہ نے اپنے افسانوں کو دو ادوار میں تقسیم کیاہے۔ پہلا دور 1952سے 1962تک اور دوسرا1973 سے تاحال۔ لیکن ان دونوں ادوار کے افسانوں میں کوئی خاص فرق نظر نہیں آتاہے۔ ان کے افسانوی مجموعوں کے نام “سرخ گلاب” 1960 ، “بارش میں ایک آدمی” 1992 ہیں۔ گلشن کھنہ کے افسانوں کی خصوصیات کو عاشور کاظمی نے ان الفاظ میں بیان کیا ہے:
“گلشن کھنہ کی تحریروں میں کہانیاں زیادہ، افسانے کم ہیں۔ زندگی کے کسی موڑ پر زندگی کے تلخ حقائق اور کلاسیکی آسودگی دست بگریباں نظر آئیں تو وہ فکر کی بات مان کر ذکر کا رخ موڑ دیتے ہیں کہ انھیں آسودگی پسند ہے۔ اس حکمت عملی سے ان کے گھر کی کھڑکیاں دروازے تو سلامت ہیں مگر ان کے افسانوں میں کوئی سوگندھی، کوئی جانکی، کوئی رادھا نظر نہیں آئی۔ وہ جانتے ہیں کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کہاں ہے مگر اس کی نشاندہی کرکے ‘‘بشن سنگھ’’ کو کھونا نہیں چاہتے۔ اسی احتیاط اور امن پسندی کا نام گلشن کھنہ ہے”۔