دوروزہ عالمی اردو کانفرنس
زیر اہتمام
ورلڈ اردو ایسوسی ایشن ، نئی دہلی
بہ اشتراک:مغربی بنگال اردو اکیڈمی، کولکاتا
موضوع : ہم عصر ادب کے تخلیقی اور تنقیدی رجحانات
مورخہ : ۲۔۳، فروری ۲۰۱۹
موجودہ عہد میں اردو زبان و ادب کی صورت حال کو اگر عالمی تناظر میں دیکھتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ اب نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا کے بیش تر ممالک میں اردو زبان و ادب میں تحقیق ، تنقید اور تخلیق کے نئے رجحانات سامنے آرہے ہیں ۔ اردو کی نئی بستیاں اب صرف یوروپی ممالک تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ نئے نئے ممالک سامنے آرہے ہیں۔ان تمام ممالک میں برصغیر سے جا کر بسنے والے ادیب و شاعر کے ساتھ ساتھ اب مقامی ادیب و شاعر کی تعداد میں بھی خاصہ اضافہ ہو رہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ عصری ادب میں اب صرف برصغیر ہی نہیں بلکہ عالمی رجحانات اور رویے کی بھرپور عکاسی نظر آتی ہے۔ عالمی سطح پر پرانی بستیوں کے ساتھ ساتھ نئے گاؤں میں جو ادب تخلیق کیا جا رہا ہے اور وہاں رہ کر ادب کی تنقید و تفہیم کی جو روش نظر آرہی ہے اس کاجائزہ لینا اور وہاں کی ادیبوں ، شاعروں کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہو گئی ہے۔ انھیں نکات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ورلڈ اردو اسوسی ایشن ، نئی دہلی نے ایک عالمی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کانفرنس میں عالمی سطح پر موجود نئی اور پرانی بستیوں سے اردو کے ادیب و فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرکے عصری ادب کے تخلیقی اور تنقیدی رجحانات پر مختلف زاویے سے روشنی ڈالنے اور ان کا مقام متعین کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس کانفرنس میں جن ممالک کے ادیب و ناقدین کی شرکت متوقع ہے ان میں مصر، ترکی، ایران، موریشش، کناڈا، جاپان، دوبئی، ازبکستان، بلغاریہ، سوئیڈن، جرمنی وغیرہ ممالک شامل ہیں۔